آرمی چیف عاصم منیر سے بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر کی ملاقات

208
economy

راولپنڈی: بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ۔ 

فوج کے میڈیا ونگ کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ فوجی تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی ، انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور تربیتی تبادلوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

آرمی چیف  نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے روایتی طور پر مضبوط دفاعی، سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور بحرین کے ساتھ فوجی تعلقات کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔

انہوں نے مشترکہ سیکورٹی چیلنجوں سے نمٹنے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

 معزز مہمان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کا اعتراف کیا۔

انہوں نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو گہرا کرنے کے لیے بحرین کے عزم کا اعادہ کیا۔

قبل ازیں کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ، جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے جمعرات کو ائیر ہیڈ کوارٹرز میں ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف دی ائیر اسٹاف سے ملاقات کی تھی ۔