اسلام آباد: عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے وہ لوگ ہیں جن کا پاکستان کی مٹی سے کوئی تعلق نہیں، یہ آئی ایم ایف کی ڈیل اس لیے سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں کہ تاکہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے۔ مٹھی بھر شرپسند آئی ایم ایف کو کہہ رہے ہیں انکا لیڈر رہا ہو تو پاکستان کو امداد دیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ ںے کہا کہ معیشت کی بحالی کے حوالے سے اچھی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں، اقتدار سنبھالتے ہی معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے، وزیراعظم ملک کے مسائل کا جلد حل چاہتے ہیں۔ بلوم برگ کی اسٹوری آئی پوری دنیا اس پر بات کررہی ہے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ملک دشمن جماعت آئی ایم ایف کے پروگرام کو سبوتاژ کرنے پر لگی ہوئی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف بیرون ملک شرپسند مظاہرے کرتے ہیں، شرپسند جماعت آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام سبوتاژ کرنے پر عمل پیرا ہے، ایک جماعت آئی ایم ایف سے کہہ رہی ہے کہ اس کے سیاسی لیڈر کو رہا کیا جائے تو تب پاکستان کو امداد دی جائے، ملک دشمن جماعت آئی ایم ایف کے دفتر کے باہر بیٹھ کر احتجاج کر رہی رہے۔ یہ ملک اس لیے نہیں بنایاگیا تھا جس ایجنڈے پرآج تحریک انصاف چل رہی ہے، ہم نے تو میثاق معیشت کی بات تب کی تھی جب اپوزیشن میں تھے، ہم مسائل پیدا کرنے کےلیے نہیں، مسائل کے حل کے لیے آئے ہیں، عوام نے ہمیں مسائل کے حل کےلیے ایوان میں بھیجا ہے۔