عالمی مالیاتی ادارے کی ایما پر قومی اداروں کی نجکاری قبول نہیں، سراج الحق

392
not acceptable

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق  نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی قرض ٹرم شیٹ مسترد کرتے ہیں، عالمی مالیاتی ادارے کی ایما پر قومی اداروں کی نجکاری قبول نہیں۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ حکومت آئی ایم ایف مشن سے اگلی قسط پر نہیں، مزید غلامی پر مذاکرات کر رہی ہے۔ فلسطینی عوام کے قتل عام پر نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، عالمی برادری جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرے۔

منصورہ میں خطبہ جمعہ اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انگریز چلا گیا اپنا نظام اور وفادار چھوڑ گیا، معیشت سود کے سہارے چل رہی، عدالتوں میں قرآن کے مطابق فیصلے نہیں ہوتے، سیاست پر خاندانوں کا قبضہ ہے، ملک اسلام کے لیے بنا، لیکن 76برسوں میں یہاں ایک دن کے لیے بھی اسلامی نظام نافذ نہیں ہوا، ملک کی امامت اور قیادت لٹیروں کے ہاتھوں میں ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ آنکھیں بند کر کے ووٹ دینے کے نتائج بھیانک نکلیں گے، حکمران لوٹ مار میں ملوث ہے اور اللہ کے نظام کو نافذد نہیں کر رہا تو اسے ووٹ دینے والے بھی اللہ کے سامنے جوابدہ ہوں گے، جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی، الیکشن میں جماعت اسلامی کے ساتھ دھاندلی ہوئی، اپنے حق کے حصول کے لیے ہر دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

ان کا کہنا تھا  کہ متنازع الیکشن کے نتیجے میں متنازع حکومت بنی، بار بار آزمائے ہوئے ظالم جاگیرداروں، کرپٹ سرمایہ داروں اور خاندانوں کو دوبارہ مسلط کیا گیا، ان لوگوں سے ملک کے مسائل پہلے حل ہوئے نہ اب ہوں گے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکمران پارٹیاں الیکشن میں کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کریں۔ ملک کے مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے، جماعت اسلامی کے کارکنان کے حوصلے بلند، وہ وقت دور نہیں جب اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ ہو گا۔