پریس کونسل پاکستان کا ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کے عزم کا اظہار

492
Press Council Pakistan's

اسلام آباد: پریس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین محمد ارشد خان جدون کی زیر صدارت جنرل کونسل کے انیسویں اجلاس میں کونسل ممبرز نے صحافت میں پریس کونسل آف پاکستان کے کردار کو مزید وسیع اور توانا کرنے اور ذمہ دارانہ صحافت کے فرض کے لئے پی سی پی کو اپنا مصمم کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین پی سی پی محمد ارشد خان جدون نے کہا کہ پریس اور عوا م کو اپنی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی تاکہ پاکستان کی ترقی اور نیک نامی کا باعث بن سکیں۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جبکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین محمد ارشد خان جدون نے حاضرممبران کا شکریہ ادا کیا کہ وہ چار سال کی تاخیر سے ہونے والے موجودہ اجلاس میں اپنی گوناں گو مصروفیات کے باوجود پورے ملک سے شریک ہوئے اور اپنے اپنے مسائل کو پییش کرنے میں معاون ہیں تاکہ پریس کونسل آف پاکستان کو مزید فعال بنایا جا سکے اور عوام اور صحافیوں سمیت نمائندہ تنظیموں کو اپنا موقف پیش کرنے اور مسائل کے حل میں مدد ملے۔

کونسل ممبرز نے چیئرمین پی سی پی محمد ارشد خان جدون کو چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پریس کونسل کی ترقی کے سفر میں کونسل ممبرز شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کو تیار ہیں تاکہ عوام کے صحافت سے منسلک مسائل کو حل کیا جا سکے۔

چیئرمین کی جانب سے اجلاس میں صحافت کو عبادت سمجھ کر کرنے والے اداروں کے فروغ کے لئے،انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ جبکہ اجلاس کی کاروائی کے پہلے مرحلے میں سینئر صحافی اور سابق صدر پی ایف یو جے پرویز شوکت کی خدمات کو سراہا گیا اور ان کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

کونسل ممبر اور سندھ سے آئے ہوئے پی ایف یو جے کے راہنما اور سینئر صحافی فقیر محمد بچل لغاری نے کہا کہ ہر گاوں اور شہر میں اخبارات ہیں جنہیں ریگولیٹ کرنا بہت ضروری ہے۔ غیر ذمہ دارانہ صحافت کرنے والوں کے بد نما داغ کو مٹانا ہو گا جس کے لئے حکومت کو چاہیے پریس کونسل آف پاکستان کو مزید اختیارات تفویض کر کے مضبوط کرئے۔

پی ایف یو جے کے رہنما اور لاہور سے کونسل ممبر اور سینیئر صحافی معین اظہر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں ہم سب کی ترقی کا راز پنہاں ہے جبکہ صحافت میں غیر ذمہ دارانہ کردار پاکستان کو معاشی اور سیاسی عدم استحکام سمیت بھائی چارے کے فقدان کا باعث بن رہے ہیں جنہیں پریس کونسل آف پاکستان اپنے مینیڈیٹ سے نبرد آزما ہو کر ملکی استحکام اور بھائی چارے کے خلاف سازشوں کو بے نقاب کرنے میں معاون کا کردار ادا کر سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی پی ارشد جدون کو دعوت دیتا ہوں کہ اگلا اجلاس لاہور پریس کلب میں منعقد کیا جائے تاکہ لاہور کے صحافیوں تک آواز کو مزید توانا کیا جا سکے اور ہر ممکن مدد مل سکے۔

اس موقع پر سید اقبال جعفری سینئر صحافی اور تجزیہ کار و کونسل ممبر اسلام آباد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رولز آف کونسل کی اہمیت سے انکار نہیں جبکہ تاحال یہ حل طلب مسئلہ ہے جسے فوری حل کیا جانا ادارے اور عوام کی بقاء میں ہے۔

اجلاس میں سینئر صحافی اور کراچی پریس کلب کےکونسل ممبر عامر لطیف کا کہنا تھا کہ موجودہ جنرل کونسل ممبر چار سال انتظار کے بعد بغیر کاروائی ہی اپنی مدت پوری کر چکے ہیں جبکہ چیئرمین پی سی پی کو چاہیے موجودہ ممبرز کو مزید مواقع فراہم کرے۔

پشاور سے آئے ماس میڈیا اسپشلسٹ و ممبر پی سی پی کونسل ڈاکٹر شاہجہاں سید نے کہا کہ یونیورسٹیز بہت اہم حب ہیں جبکہ پی سی پی کو چاہیے کہ وہ پریس کلبز اور یونیورسٹیز کے طلبہ کے ساتھ مل کرپروگرامات کا انعقاد کروائے۔

واضع رہے کہ پریس کونسل آف پاکستان کی جنرل کونسل میں پی ایف یو جے، سی پی این ای۔ اے پی این ایس اور ماس میڈیا نمائندگان ممبرز جبکہ قومی اسمبلی کے دو ممبران حکومتی اور اپوزیشن سے ایک ایک اور وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل بھی پی سی پی جنرل کونسل کے ممبران ہیں لیکن تاحال حکومتی اور اپوزیشن ایم این ائے نامزد نہ ہونے کے باعث کونسل کے موجودہ اجلاس میں شریک نہ ہو سکے،جبکہ کونسل میٹننگ کے اختتام پر چیئرمین پریس کونسل آف پاکستان محمد ارشد خان جدون نے ممبرز کا شکریہ ادا کیا اور جلد ہی اگلی میٹننگ کروانے کی تجویز قبول کرتے ہوئے رمضان المبارک کے بعداگلے اجلاس کی کاروائی تک موجودوہ اجلاس برخواست کر دیا گیا۔