اسلام آباد: ملک میں ہونے والے عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوکر رکن قومی اسمبلی بنے تاہم دونوں جماعتوں کے درمیان اب فاصلے بڑھنے لگے ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے گزشتہ روز بات کرتےہوئے کہا کہ سنی اتحاد کونسل سے اتحاد غلطی تھا، ہمیں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے شیرانی گروپ کے ساتھ اتحاد کرنے کی ہدایات ملی تھیں اور اس معاملے میں پیش رفت بھی ہو رہی تھی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ شیرانی گروپ کے ساتھ جاری معاملات کے دوران اچانک ہی حامد رضا کی پارٹی (سنی اتحاد کونسل) کے ساتھ مذاکرات ہونے لگے، اس کے باوجود کے جے یو آئی (شیرانی گروپ) تحریک انصاف کے ساتھ غیر مشروط طور پر اتحاد کرنے پر راضی تھا۔
شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا کہ اگر جے یو آئی (شیرانی گروپ) کے ساتھ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات کے مطابق اتحاد بن جاتا تو تحریک انصاف کا انتخابی نشان اور اسمبلیوں میں مخصوص نشستیں ہم سے نہ چھنتیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دوسری جانب شیر افضل مروت کے بیان پر سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا خوش نہیں، جس کے ردعمل کے طور پر وہ آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تحریک انصاف کے تحت ہونے والی اسلامو فوبیا کانفرنس میں بھی شریک نہیں ہوئے۔ کانفرنس میں شریک ہونے کے لیے حامد رضا کو باقاعدہ مدعو کیا گیا تھا۔
یاد رہےکہ دونوں جماعتوں (تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل) کی کور کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ہوا تھا، جس میں چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے اپنی شکایات کا کھل کر اظہار کیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان بھی جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھی اپنے ایشوز خود حل کرلیں تو اچھا ہوگا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سنی اتحاد کونسل کی طرف سے کسی قسم کی کوئی درخواست نہیں کی گئی تھی۔ پی ٹی آئی کا اتحاد عمران خان کے اپنے فیصلے کے مطابق ہوا تھا۔ انتخابی نشان سے لے کر مخصوص نشستوں تک میرے پاس بتانے کو وہ کچھ ہے کہ اگر بیان کردیا تو لوگ شکل دکھانے کے قابل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری کمٹمنٹ عمران خان کے ساتھ ہے اور ہمیشہ رہے گی، محض تشہیر کے لیے میں بانی چیئرمین کے بارے میں کچھ برا سوچ اور کر نہیں سکتا، اس لیے خاموش ہوں۔
چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے مزید کہا کہ ہدایات لے کر پھوٹ نہ ڈلوائیں۔