اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے موسم بہار کی ملک گیر شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا۔
شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا لگایا اور مہم کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے پاکستان میں جتنے درخت لگانے کا ٹارگٹ مقرر کیا تھا، ہم اس سال اس سے دگنے پودوں کی شجرکاری کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہمارا ملک موسمیاتی خطرات کے لحاظ سے دنیا میں سب سے زیادہ شکار پانچواں ملک ہے۔ اس سلسلے میں خطرات سے نمٹنے کے لیے آگاہی کا ہونا بہت ضروری ہے۔ پاکستان میںجنگلات کا رقبہ محض 5 فی صد ہے۔
انہوں نے کہا کہ 19 سالوں کے دوران (1999ء تا 2018ء) ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجے میں 10 ہزار قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ اس کے علاوہ ہماری معیشت کو غیر معمولی نقصان کا سامنا کرنا۔ اس سب کے لیے ہمیں تعلیمی اداروں میں بھی موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شجرکاری مہم کے حوالے سے ملک بھر میں مؤثر سرگرمیاں اور کوششیں جاری رہنی چاہییں۔ قوم کو چاہیے کہ ملک کو موسمیاتی تبدیلیوں کے منڈلاتے خطرات اور اگلی نسلوں کو صحت بخش ماحول دینے کےلیے شجرکاری مہم کا حصہ بنیں۔