اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی ہے، جس میں وزیراعظم نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق مسئلہ بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ بھرپور انداز میں اٹھا اور کیس کے سلسلے میں تفصیلی بات چیت کی۔
ملاقات میں امریکی سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن، اسلام آباد کو اپنا ایک اہم شراکت دار تصور کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کے لیے پاکستان کی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اہم ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امریکا اور پاکستان کے مابین تجارتی روابط، انویسٹمنٹ، توانائی، تعلیم، دفاع، صحت، موسمیاتی تبدیلیوں اور زراعت سمیت دیگر اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بات کی۔
ڈونلڈ بلوم اور وزیراعظم کی ملاقات میں بین الاقوامی حالات اور خطے کی صورت حال کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں مشرق وسطیٰ خصوصاً فلسطین اور بحیرہ احمر کے حالات کے علاوہ افغانستان سے متعلق موضوعات پر بات چیت کی گئی۔
دوران ملاقات وزیراعظم نے امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس کے حوالے سے امریکی سفیر کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔