معاشی ترقی، مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کے خاتمے کا 5 سالہ پلان وزیراعظم کو پیش

218

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کو ملک کی معاشی ترقی، مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کا 5 سالہ پلان پیش کردیا گیا۔

وزیراعظم میاں شہباز شریف کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا، جس میں وفاقی حکومت کی جانب سے معاشی بحرانوں سے نکلنے، ملکی ترقی، مہنگائی میں کمی لانے، غربت کے خاتمے اور روزگار کی فراہمی کےمنصوبوں پر مشتمل 5 سالہ معاشی روڈ میپ پیش کیا گیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملکی معیشت کی ترقی اور دیگر اہم نکات کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد اس پر عمل درآمد شروع کردیا جائےگا۔ وزیراعظم نے اجلاس میں ہدایت کی کہ فوری طور پر ملکی ترقی کے منصوبوں پر عمل یقینی بناتے ہوئے عمل درآمد کا شیڈول تیار کرلیا جائے۔

شہباز شریف نے اجلاس میں کہا کہ زراعت، لائیو اسٹاک، آئی ٹی، غیر ملکی انویسٹمنٹ، نچلی اور وسیع سطح پر صنعوں کی ترقی کےلیے اقدامات ترجیحی بنیادوں پر شروع کیے جائیں۔

انہوں نےکہا کہ باقاعدہ منصوبہ بدے کے ذریعے حکومتی اخراجات کم کرتے ہوئے عوام کے ٹیکسوں کےپیسے ضائع نہیں کریں گے۔ ملک کو آئندہ پانچ برس میں ترقی کی راہ پر گامزن کرتے ہوئے معیشت کو استحکام فراہم کریں گے۔