تحریک انصاف کا مخصوص نشستوں پر پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان

237

اسلام آباد: پی ٹی آئی نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے مخصوص نشستوں پر سنی اتحاد کونسل کی درخواست پر جاری فیصلے کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کیا جائے گا۔

رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے اس حوالے سے بتایا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ سے درخواست کریں گے کہ اسے لارجر بینچ تشکیل دے کر جلد سماعت کی جائے۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ سینیٹ الیکشن سے متعلق تفصیلی مشاورت کی گئی ہے، اس حوالے سے آج یا کل تک امیدواروں کے نام سامنے آ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ باقاعدہ سازش کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے ہمارے امیدواروں کو ری کاؤنٹنگ میں تبدیل کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ عدلیہ سے درخواست کرتے ہیں کہ اس عمل کو روکے، بصورت دیگر اس سے بے امنی پھیلے گی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کے پی کے حکومت میں ایک کمیٹی تشکیل دیں گے، جس میں شیر افضل مروت کو بھی شامل کیا جائے گا۔ جن لوگوں کے ساتھ زیادتیاں ہوئی ہیں، ان کی زیادتیوں کا مداوا کرنے سے متعلق کمیٹی بتائے گی۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم اس کامیابی کو تسلیم نہیں کرتے جو فارم 47 کی بنیادپر دکھائی گئی اور پھر حکومت بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف 23 مارچ کو بڑا جلسہ منعقد کرکے خود کو بڑی اور کامیاب پارٹی ثابت کرے گی۔