ایران کی گوادر اور چابہار کو ملا کر سسٹر پورٹس بنانے کی پیشکش

238
make sister ports

اسلام آباد:  پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری کا کہنا ہے کہ،پاک ایران گیس پائپ لائن کا مقصد اسٹریٹجک تعلقات میں اضافہ ہے، چاہتے ہیں گوادر اور چابہارکو جوڑ کر سسٹر پورٹس بنائی جائیں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں ایرانی سفیر رضا امیری کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں رضا امیری کا کہنا تھا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن کا مقصد اسٹریٹجک تعلقات میں اضافہ ہے، مزید بارڈرکراسنگ پوائنٹس کھول کر علاقائی تعاون اور تجارت بڑھانا چاہتے ہیں۔

 ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں گوادر اور چابہار کو جوڑ کر سسٹر پورٹس بنائی جائیں، کوشش ہوگی سی پیک اور ریل لنک کے منصوبے میں ایران بھی حصہ داربنے۔ پاکستان اور ایران میں گزشتہ 11 ماہ کے دوران باہمی تجارت کا حجم ڈھائی ارب ڈالر ہوچکا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں۔ پاکستان ایران کے راستے وسط ایشیائی اورمغربی ممالک تک ٹرانزٹ روٹ بناسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران نے پاکستانی بارڈرکے قریب تک ایک ہزارکلومیٹر طویل گیس پائپ لائن بچھائی ہے، ایران نے اس منصوبے پر تقریبا ایک ارب ڈالرخرچ کیے ہیں،  پاکستانی حکومت اگر گیس پائپ لائن منصوبے پرپیشرفت کرنا چاہتی ہے تو اسے خوش آمدید کہتے ہیں۔