لاہور:تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما چوہدری پرویز الہی نے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کے لیے کاغذات پر دستخط کردیے ۔
میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے پرویز الہی نے کہاکہ پی ٹی آئی کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر عوام کو دھوکا دیا گیا ہے، ووٹ چوروں کو وفاقی اور صوبائی کابینہ میں شامل کر کے عوامی مینڈیٹ کی توہین کی گئی،فارم 45 جعلی حکمرانوں کے گلے کا پھندا ثابت ہوگا، اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی غیر آئینی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن مفاہمت نہیں انتقام کی سیاست کر رہی ہے، ایک جماعت کی سیٹیں اس کی مخالف جماعتوں کی جھولی میں ڈال کر الیکشن کمیشن نے دنیا کی سیاسی تاریخ میں بدترین مثال قائم کی ہے ۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لئے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 21 اپریل کو ملک بھر میں خالی نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔