پاکستان سی پیک کے اگلے مرحلے کی طرف بڑھنے کیلیے تیار ہے، شہباز شریف

310

اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سی پیک کے اگلے (دوسرے) مرحلے کی جانب بڑھنے کے لیے تیار ہے۔

چینی خبر رساں ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور اپنے مقاصد کے حصول کے لیے مل کر کام کریں گے۔ دونوں ممالک کی دوستی تاریخی اور مثالی ہے جب کہ صدر شی جن پنگ نے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی ہے۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ چین کو مثال بناتے ہوئے پاکستان کو چینی اقدامات کو اپنانا چاہیے، کیوں کہ چین نے خود مثالی پالیسیوں کے ذریعے اپنے عوام کو غربت سے نکالنے کے لیے بڑا کام کیا ہے۔ چینی عوام کو اسکول، اسپتال اور ملازمتوں جیسی سہولیات ملی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود کہ چین کو کئی چیلنجز درپیش ہیں، مگر پھر بھی چین دیگر کئی ملکوں کے مقابلے میں بہت اچھی اور مثالی کارکردگی مظاہرہ کررہاہے۔

شہباز شریف نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو ایک عظیم منصوبہ ہے جو غریب لوگوں کی مدد کر رہا ہے اور اس کے ذریعے سرمایہ کاری بھی بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سی پیک کے اگلے حصے میں داخل ہونے کے لیے تیار ہے۔ چین جدید اور اعلیٰ معیار کی مصنوعات بنانے پر توجہ دے رہا ہے، جب کہ پاکستان بھی ایسا ہی کرنا چاہتا ہے۔ مستقبل میں چیزوں کو بہتر بنانے کے لیے فارمنگ جیسے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کریں گے۔