پاکستان میں سری لنکا والا کام ہونے جا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی

272
ultimatum

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سری لنکا والا کام ہونے جا رہا ہے، اب مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا اور عوام باہر نکل آئے گی۔

اڈیالہ جیل میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری ساری پیش گوئیاں سچ ثابت ہوئیں اب بتا رہا ہوں پاکستان میں سری لنکا والا کام ہونے جا رہا ہے، اب مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا اور عوام باہر نکل آئیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی ڈیل کی بات نہیں ہو رہی وکلا تک سے ملاقاتیں بند کر دی گئی ہیں، الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ہمارا پرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا، ہم انتخابات میں دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ بھی جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں پھر پیسہ چلنے والا ہے، گزشتہ سینیٹ انتخابات میں گیلانی کا بیٹا پکڑا گیا تھا آج تک اسے سزا نہیں ہوئی۔