جے یو آئی ف نے صدر،وزیراعظم کے انتخاب میں بائیکاٹ کیا، سینٹ میں پی پی کیساتھ تعاون کا عندیہ

283
cooperation with PP

اسلام آباد: پیپلز پارٹی  جمعیت علما اسلام ( ف)نے سینیٹ انتخابات میں باہمی تعاون پر اتفاق کیا۔

اسلام آباد میں جے یو آئی  کاوفد مولانا عبدلغفور حیدری کی قیادت میں پیپلز پارٹی سیکریٹریٹ پہنچا۔ وفد کی پیپلزپارٹی رہنماوں یوسف رضا گیلانی، نیئرحسین بخاری اور میر اعجاز جاکھرانی سے ملاقات ہوئی جس میں سینیٹ انتخابات سمیت دیگر سیاسی امور پر مشاورت کی گئی، باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعد ازاں مولانا عبدالغفور حیدری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی حوالے سے بہترپیشرفت ہوئی ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کا ساتھ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے اندر ووٹوں کا فیصلہ پہلے ہی کرلیا تھا تاہم حکومت سازی کے عمل میں شریک نہیں ہوں گے۔

اس موقع پر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پارلیمان میں ایک دوسرے کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے ہماری مذاکراتی کمیٹی نے قیادت کی ہدایت پر دو تین مرتبہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی، ملاقاتوں اور حمایت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہم جمعیت علمائے اسلام کا خیر مقدم کرتے ہیں۔اس موقع پر نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں پیپلز پارٹی، جے یو آئی (ف) کو سپورٹ کرے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے 8 فروری 2024 کے انتخابات کے نتائج پر سوال اٹھاتے ہوئے پارلیمانی سرگرمیوں سے لاتعلقی ظاہر کی تھی، انہوں نے صدر اور وزریراعظم کے الیکشن کا بھی بائیکاٹ کیا تھا۔