کراچی: شہر میں دن رات گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جب کہ حکومتی ہدایات کے باوجود افطار کے وقت گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران سہ پہر 3 بجے تا رات 10 بجے گیس کی فراہمی بلاتعطل دستیابی کا اعلان کیا تھا، تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں فراہمی کے اوقات میں بھی گیس کی لوڈشیڈنگ کی گئی، جس سے شہریوں کے لیےروزہ افطار کی تیاریاں کرنابھی دشوار ہوگیا۔
جن علاقوں میں افطار کے اوقات میں گیس کی لوڈشیڈنگ ہوئی، ان میں کورنگی، ملیر، شاہ فیصل، اسکیم 33 کے مختلف سیکٹرز، ضلع وسطی کے مختلف علاقوں ناظم آباد ، فردوس کالونی، لیاقت آباد، غریب آباد، فیڈرل بی ایریا، موسیٗ کالونی میں بھی گیس غائب رہی۔
ان کے علاوہ ضلع غربی کے علاقے میٹروول ، بلدیہ اور نیول کالونی میں بھی گیس غائب رہی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کم از کم سحر و افطار کے اوقات میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔