اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سینیٹ کے انتخابات 2 اپریل کو کرانے کا اعلان کردیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے لیے شیڈول 14 مارچ کو جاری کیا جائے گا، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سینیٹ انتخابات 2 اپریل کو ہوں گے۔
واضح رہے کہ 2018ء کے انتخاب میں سینیٹر بننے والے ایوان کے 52 ارکان آج ریٹائر ہو رہے ہیں، جس کے بعد ایوان بالا کی 48 نشستوں پر الیکشن کرائے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 25 ویں آئینی ترمیم کے بعد فاٹا کی 4 مخصوص نشستیں ختم ہوچکی ہیں، جس کے باعث سینیٹ (ایوان بالا) کی مجموعی نشستیں 100 سے 96 رہ گئی ہیں۔
ایوان بالا کے آج ریٹائر ہونے والے 52 سینیٹرز میں چیئرمین صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئرمین مرزا آفریدی، قائد ایوان اسحاق ڈار ، قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم اور سینیٹر رضا ربانی بھی شامل ہیں۔