اسلام آباد: وفاقی کابینہ کے ارکان کو ان کے محکمے تفویض کردیے گئے ہیں، جس کے مطابق اسحاق ڈار کو خارجہ جب کہ محسن نقوی کو وزارت داخلہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق وفاقی کابینہ کے ارکان کو وزارتوں کے قلمدان سونپے جانے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق خواجہ آصف کو وزیر دفاع بنایا گیا ہے جب کہ انہیں اضافی قلمدان ہوابازی اور دفاعی پیداواربھی سونپا گیا ہے۔ علاوہ ازیںسابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اس بار وزیر خارجہ بنایا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق احسن اقبال کو حسب سابق وزارت منصوبہبندی، ترقی اور خصوسی اقدامات کا قلمدان ملا ہے جب کہ اویس لغاری وزیر ریلوے اور امیر مقام سیفران، ثقافت و تاریخی ورثہ کے وزیر ہوں گے۔ اسی طرح رانا تنویر حسین صنعت و پیداوار کے وزیر ہوں گے۔
قیصر احمد شیخ کو وزارت بحری امور دی گئی ہے۔ اعظم نذیر تارڑ کو قانون وانصاف اور انسانی حقوق کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ ق لیگ کے چودھری سالک حسین کو سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کا وزیربنایا گیا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سائنس وٹیکنالوجی، وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے وزیر ہوں گے جب کہ محمد اورنگزیب وزیر خزانہ اور محصولات کی وزارت دیکھیں گے۔ محسن نقوی امور داخلہ اور انسداد منشیات کے وزیر ہوں گے جبکہ احد چیمہ کو اقتصادی امور اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے۔
سینیٹر مصدق ملک کو توانائی اور پیٹرولیم جب کہ میاں ریاض حسین پیرزادہ کو ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔