اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکیج کا حجم ساڑھے 7 ارب روپے سے بڑھا کر ساڑھے 12 ارب روپے کر دیا، وزیراعظم نے رمضان ریلیف پیکیج کا حجم بڑھانے کے علاوہ دائرہ کار بھی وسیع کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ ساتھ موبائل یونٹس بھی سستے داموں کھانے پینے کی اشیا ءفراہم کریں گے، زیادہ سے زیادہ غریب، نادار اور مستحق افراد تک رمضان ریلیف پیکیج پہنچایا جائے، ابتدائی طور پر 1200 موبائل پوائنٹس اور 300 مستقل پیکیج ریلیف مراکز قائم کئے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ یکم رمضان سے اختتام رمضان تک ریلیف پیکیج کے تحت عام بازار سے کم قیمت پر اشیا فراہم کی جائیں گی، رمضان ریلیف پیکیج کے تحت متعین مقامات کے علاوہ ٹرک مختلف علاقوں میں غریب عوام کو سستی اشیائے خورونوش پہنچائیں گے، مقام کا تعین جدید ٹیکنالوجی جی پی ایس کی مدد سے کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ موبائل ایپ کے استعمال کی رہنمائی کیلئے خصوصی ویڈیو بھی جاری کی جائے گی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے چلنے والا ڈیش بورڈ تیار کیا جا رہا ہے تاکہ موبائل آٹے کی فروخت کی نگرانی ہو سکے، موبائل یونٹس کے ایک سے دوسرے مقام منتقلی کے دوران آٹے کی فراہمی کا عمل جاری رہے گا، موبائل اور لائیو فوٹیج سے آٹے کی تقسیم کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔