پختونخوا، گلگت بلتستان اور مری میں آئندہ ہفتے بارش اور برفباری کا امکان

253

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان ، مری اور گلیات میں بارش اور برف باری کا امکان ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطاق آئندہ ہفتے بارش اور برفباری کے ممکنہ سلسلے کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ سیاحوں اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے موسمی صورتحال سے آگاہی کے لیے اقدامات کئےجائیں گے۔

این ڈی ایم اے ممکنہ آفات کی قبل از وقت آگاہی اور حفاظتی تدابیر عوام تک پہنچا نے کے لیے جلد ہی موبائل ایپلی کیشن کا بھی آغاز کر رہا ہے۔ این ڈی ایم اے نے تمام پی ڈی ایم ایز اور دیگر متعلقہ انتظامی اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

اتھارٹی نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ پہاڑی و برفانی علاقوں میں ایمرجنسی عملہ و مشینری کی بروقت دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں اور ممکنہ خطرے سے دوچار آبادیوں سے لوگوں کے بر وقت انخلا کوبھی یقینی بنایا جائے۔

ہدایات میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ محکمے ندی، نالوں میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھیں ، تمام متعلقہ محکمے رابطے اور معاونت کے دائرہ کار کو مستحکم بنائیں اور کاشتکار موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیوں سر انجام دیں۔

این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ سیاح پہاڑی علاقوں کے موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کا ارادہ کریں اور جس علاقے میں سفر کا ارادہ ہو، وہاں کی انتظامیہ کے اہم نمبر پاس رکھیں ۔ متعلقہ ادارے عوامی آگاہی کے لیے مقامی زبانوں میں پیغامات کی رسائی یقینی بنایا جائے اورلینڈ سلائیڈنگ وسیلابی خدشے کے زیرِ اثر علاقوں میں ایمرجنسی عملہ و مشینری کی قبل از وقت فراہمی یقینی بنائیں۔