کراچی: پی ایس ایل کے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی۔
پاکستان سپر لیگ کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیزن 9 کے 26 ویں میچ میں لاہور قلندرز کو کراچی کنگز کے ہاتھوں 3 وکٹوں سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
اہم میچ کے لیے کراچی کنگز کے کپتان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دیتے ہوئے بالنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جس میں لاہور قلندرز نے 20 اوورز کھیل کر 177 رنز بنائے اور اس کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
لاہور قلندرز کے عبداللہ شفیق نے 55 اور فخر زمان نے 54 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ شائی ہوپ نے 9، مرزا بیگ 4 اور شاہین شاہ آفریدی ایک رن بناسکے۔ ڈیوڈ ویسا 24 اور سکندر رضا 22 رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے زاہد محمود نے لاہور قلندرز کے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ جب کہ انور علی اور بلیسئنگ موزا ربانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور قلندرز کے دیے گئے 178 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کراچی کنگز نے 20 ویں اوور کی آخری بال پر کامیابی حاصل کی جب کہ اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔
کراچی کنگز کے جیمز ونس 42، ٹم سیفرٹ، 36 اور عرفان نیازی 35 رن بناکر نمایاں رہے۔ تجربہ کار بیٹر شعیب ملک 27 رن بنا کر ناقابل شکست رہے۔
واضح رہے کہ ایونٹ میں ملتان سلطانز 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور پشاور زلمی 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔ یہ دونوں ٹیمیں ایونٹ کے اگلے مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔
اسی طرح 9 میچوں میں 9 پوائنٹس کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ تیسری پوزیشن پر ہے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 میز میں 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
کراچی کنگز 8 پوائنٹس کے ساتھ 5 ویں اور لاہور قلندرز 3 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے۔ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز ایونٹ کی وننگ ٹرافی سے کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔