جسٹس ملک شہزاد نے لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کا حلف اٹھا لیا

250

لاہور: جسٹس ملک شہزاد احمد خان ے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کا حلف اٹھا لیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گورنر ہاؤس پنجاب میں حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک ہوئیں۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے جسٹس ملک شہزاد احمد خان سے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا حلف لیا۔ اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ کے ججز، صوبائی وزرا، وفاقی و صوبائی لا افسران، انتظامی افسران اور دیگر شخصیات بھی شریک تھیں۔

حلف برداری کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ ملک شہزاد احمد خان لاہور ہائی کورٹ پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور سلامی پیش کی گئی۔ چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس امیر بھٹی کی ریٹائرمنٹ کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 38 رہ گئی ہے جب کہ ججز کی خالی اسامیوں کی تعداد 22 ہوگئی ۔ جسٹس شجاعت علی خان لاہور ہائیکورٹ کے سیینر ترین جج بن گئے اور جسٹس صداقت علی خان انتظامی کمیٹی کا حصہ بن گئے۔