پی ایس ایل: کراچی کنگز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست

546

راولپنڈی: پی ایس ایل کے اہم میچ میں کراچی کنگز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کا 24 واں میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا گیا 151 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں حاصل کرکے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست سے دوچار کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان نے 34 اور آغا سلمان نے 33 رنز اسکور کیے۔ ان کے علاوہ حیدر علی نے 26، الیکس ہیلز نے 18، فہیم اشرف نے 12، کولن منرو اور اعظم خان نے 9، 9 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کے میر حمزہ نے 3، بلیسنگ موزربانی اور زاہد محمود نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی اور خود فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، جس میں کراچی کنگز نے 20 اوورز میں 150 رنز اسکور کیے اور اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

میچ کے نتیجے میں ایونٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے سے دوسرے نمبر پر پہنچ گئی۔