اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری بھاری اکثریت سے دوسری بار صدر منتخب ہوں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صدارت کے لئے ہمارے پاس ضرورت سے زیادہ نمبرز ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کہتے ہیں کہ ان کا مینڈیٹ خیبرپختونخوا میں چوری ہوا، لیکن وہ سندھ میں احتجاج کر رہے ہیں، مختلف سیاسی جماعتوں کو انتخابات پر اعتراض ہے، ہمیں مل کر شفاف الیکشن کے لیے قانون سازی کرنا ہوگی۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے وزیراعظم سے ملاقات نہیں کی، علی امین گنڈاپور ٹائیگر فورس کے وزیراعلیٰ بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھٹو ریفرنس کا تفصیلی فیصلہ ابھی آنا باقی ہے، آصف زرداری نے 12 سال قبل بھٹو صدارتی ریفرنس بھیجا تھا، کل تسلیم کیا گیا ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا۔