اسلام آباد:ہائی کورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے اعظم سواتی کے خلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کی جانب سے وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔سٹیٹ کونسل نے اعظم سواتی کے خلاف درج 5 مقدمات کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔
رپورٹ کے مطابق اعظم سواتی کے خلاف 2 مقدمات پولیس، 3 مقدمات وفاقی تحقیقاتی ادارے (یف آئی اے) میں درج ہیں۔ایف آئی اے کے تینوں مقدمات سائبر کرائم سے متعلق ہیں، ایف آئی اے کے 2 مقدمات میں اعظم سواتی کی ضمانت منظور ہوچکی ہے جبکہ ایک مقدمے میں ضمانت مسترد ہوچکی ہے۔
درخواست گزار وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ نیب مقدمات کی تفصیلات بھی منگوائی جائیں جس پر عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرکے مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔بعدازاں عدالت نے درخواست پر مزید سماعت 13 مارچ تک ملتوی کردی۔