اسلام آباد: پلڈاٹ نے ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے اپنے ایک تازہ جائزے میں الیکشن شفافیت کو گزشتہ 2 انتخابات کے مقابلے میں کم ترین شفاف قرار دیا ہے۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹوڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں شفافیت کا مجموعی اسکور 49 فی صد تھا، جو اس سے قبل 2018ء میں ہوئے عام انتخابات کے اسکور سے 3 فی صد (پوائنٹس) کم ہے۔ یاد رہے کہ 2013 اور 2018 کے الیکشنز میں شفافیت کا اسکور 57 اور 52 فیصد بتایا گیا تھا۔
پلڈاٹ نے کہا ہے کہ 2013 کے بعد سے ان اسکورز میں مسلسل کمی، پاکستان میں جمہوری عمل کے کمزور ہونے کی علامت ہیں اور انتخابی نظام میں عوام کا اعتماد بحال کرنے کی فوری ضرورت کو ظاہر کرتے ہیں۔
پلڈاٹ نے سفارش کی ہے کہ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے پورے انتخابی عمل میں شفافیت اور احتساب کے اقدامات کو بڑھانا ناگزیر ہے۔