سانحہ 9 مئی کے ملزمان کا فوٹیج سے تعین کرکے کڑی سزا دی جائے، عمران خان

310
ultimatum

راولپنڈی: بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی کے ملزمان کا سی سی ٹی وی فوٹیج سے تعین کرکے انہیں کڑی سزا دی جائے۔

اڈیالہ جیل میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ روز ہونےو الی کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیے کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ انہوں سانحہ 9 مئی کے ملزمان کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کے ذریعے سے ان واقعات میں ملوث لوگوں کا تعین کیا جائے۔

عمران خان نے کہا کہ امریکا میں بھی کیپٹل ہل حملوں میں ملوث افراد کو سی سی ٹی وی فوٹیجز ہی کے ذریعے تعین کرکے گرفتار کیا گیا تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ سانحہ 9 مئی کے حوالے سے تاحال جوڈیشل کمیشن کیوں تشکیل نہیں دیا گیا؟ سانحہ 9 مئی کی آزاد اور شفاف انکوائری میں کسی کو دلچسپی ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں خود کہتا ہوں کہ سانحہ 9 مئی والوں کو سزائیں دی جائیں۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ جن جماعتوں کی مخصوص نشست بنتی ہی نہیں تھی انہیں کس قانون کے تحت مخصوص نشستیں الاٹ کی گئیں؟ تحریک انصاف (سنی اتحاد کونسل) کو مخصوص نشستیں نہ دے کر جمہوریت کی نفی کی گئی ہے، یہ مکمل طور پر غیر قانونی عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی پاکستان میں بھی یہی ہوا تھا کہ عوام سے ان کا مینڈیٹ چھینا گیا تھا، جس کا نتیجہ ملک کے دولخت ہونے کا نکلا۔

عمران خان نے کہا کہ حالیہ انتخابات پاکستان کی تاریخ کے سب سے دھاندلی زدہ الیکشن ہیں، اس کے نتائج سے پاکستان کی معاشی صورت حال مزید تباہ ہوگی کیوں کہ سیاسی استحکام کے بنا ملک کا آگے بڑھنا مشکل ہے۔