اسلام آباد: صدارتی انتخاب کے سلسلے میں باپ پارٹی کی جانب سے آصف زرداری کی حمایت کا اعلان کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹکے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) نے صدارتی انتخاب کے سلسلے میں سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کی حمایت کا اعلان کردیا۔
تازہ پیش رفت کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آصف زرداری سے بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے سیکرٹری جنرل سینیٹر منظور کاکڑ اور نائب سیکرٹری جنرل نصیب اللہ بازئی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سینیٹر ثنا جمالی، دنیش کمار، سینیٹر ثمینہ ممتاز بھی موجود تھیں۔
باپ پارٹی کے سینیٹرز سمیت وفد کے شرکا نے آصف زرداری کو بلوچستان کے مسائل خصوصاً عوامی ایشوز سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے کوششوں کی ضرورت پر زور دیا، جس پر آصف علی زرداری نے صوبے کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹرز کے وفد کی جانب سے صدارتی انتخابات میں آصف علی زرداری کی غیرمشروط حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی جس پر صدر زرداری نے وفد کا شکریہ ادا کیا۔