کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور پاکستان اسٹیٹ آئل کے ایم ڈی اور سی ای او سید محمد طحٰہ نے پی ایس او ہاﺅس کلفٹن کے سامنے پی ایس او ایکو ا سٹریٹ منصوبہ کے تحت پلاسٹک کے فضلہ سے تیار سڑک کا افتتاح کردیا ہے۔
پی ایس او ایکو اسٹریٹ ،ایک پائیدار پلاسٹک روڈ ،پلاسٹک کے فضلے میںکمی اور ماحول دوست انفرا اسٹریکچر کے فروغ کےلئے پی ایس او کی جاری کوششوں کا ایک حصہ ہے ۔اس اقدام کے تحت کراچی میںپی ایس او کے لبریکنٹ مینو فیکچرنگ ٹرمینل(ایل ایم ٹی)سے جمع کردہ لبریکنٹس کی خالی بوتلوںاور کین سے 5ہزار کلو گرام ری سائیکل پلاسٹک فضلہ استعمال کرتے ہوئے 49,448مربع فٹ روایتی سڑک کو پلاسٹک کی سڑک میںتبدیل کیا گیا ہے۔
اس منصوبہ کا مقصد زمین پر مضر ماحولیاتی اثرات مرتب کرنے والے پلاسٹک کے اثرات میں نمایاں طور پر کمی اور پائیدار انفرا اسٹریکچر کے فوائد حاصل کرنا ہے۔پی ایس او ،ایکو اسٹریٹ پراجیکٹ نہ صرف پلاسٹک فضلہ کو ری سائیکل کررہا ہے بلکہ سڑک کی پائیداری کو بڑھاتے ہوئے ماحولیاتی ذمہ دارانہ تعمیر کےلئے نئے معیار بھی قائم کررہا ہے ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ہمارے شہر کو خوبصورت بنائے گا بلکہ ماحول کے تحفظ کےلئے ذمہ دارانہ رویوں اورکردار کا بھی عکاس ہے۔
ہم پائیداری اور شہری علاقوں کو سرسبز بنانے کےلئے پی ایس او کے عزم کو سراہتے ہیں جو معاشرے کی ترقی میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دینے کےلئے دیگر کارپوریٹ اداروں کےلئے ایک مشعل راہ ہے۔
پی ایس او کے ایم ڈی اور سی ای او سید محمد طحٰہ نے اپنے ارد گرد کے ماحول کی دیکھ بھال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ” یہ اقدام پی ایس او کی پائیداری اور ماحولیاتی تحفظ کےلئے غیر متزلزل لگن کی مثال ہے،ہم کمیونٹیز کےلئے قدر پیدا کرتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کےلئے اختراعی حل پیش کرنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں۔
اس منصوبے کی پائیداری کو یقینی بنانے کےلئے توانائی کی بچت اور کاربن اخراج میںکمی کےلئے خاص طور پر ڈیزائن کردہ ایل ای ڈی لائٹس لگائی گئی ہیں،جبکہ زیبرا کراسنگ،لین کے نشانات،اسپیڈ بریکرزاور سائن بورڈ مسافروں کو واضح اور محفوظ رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔