اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا کہ وہ 8 فروری کے انتخابات میں ان کے مخالفین کی جانب سے ان کے مینڈیٹ کی “چوری” کے خلاف ایک تحریک چلانے کے لیے سڑکوں پر آنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی نےاسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا، “ہم تمام سیاسی قوتوں کو متحد کریں گے اور قانون اور آئین کے اندر رہتے ہوئے ایک تحریک چلائیں گے۔”
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں میں سڑکوں پر آنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں تاکہ ان کے مطالبات پورے ہوں اور اپنا حق واپس لیں گے ۔ “ہماری تحریک جاری رہے گی اور تمام سیاسی قوتوں کو اکٹھا کریں گے،” انہوں نے مزید کہا کہ وہ اتحاد قائم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پرامن احتجاج کریں گے کیونکہ وہ شہباز شریف کی قیادت والی “جعلی حکومت” پر یقین نہیں رکھتے۔ پاکستان نے اس ماہ کے شروع میں اپنی تاریخ کے سب سے بڑے انتخابات کا انعقاد کیا جو مختلف پہلوؤں سے غیر معمولی تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے نتائج سیاسی رہنماؤں کی توقعات کے مطابق نہیں نکلے کیونکہ ان میں سے کسی کو بھی سادہ اکثریت نہیں ملی۔ اس کے بعد بہت سی جماعتوں، پی ٹی آئی، جمعیت علمائے اسلام فضل (جے یو آئی-ایف )اور جماعت اسلامی (جے آئی) نے عام انتخابات کو دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے مسترد کر دیا۔