پی ڈی ایم ٹو کمپنی نہیں چلے گی، عوام نے انہیں مسترد کردیا، سراج الحق

2985
people rejected them

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ٹو کمپنی نہیں چلے گی، عوام نے انہیں مسترد کردیا، ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم کی عبرت ناک جیت نے انہیں مزید آشکار کردیا، تاریخ کا پہلا الیکشن تھا جس میں جیتنے والے ہارنے والوں سے زیادہ پریشان ہیں، عوامی فیصلوں کا احترام کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہیر پھیر سے نظام نہیں چلتا، معاشی و سیاسی بحران منہ کھولے کھڑے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کو شفاف الیکشن کا نظام وضح کرنا ہوگا، متناسب نمائندگی کا اصول قائم کیے بغیر جمہوریت مضبوط نہیں ہوگی۔یہ بات انہوں نےمنصورہ میں مجلس عاملہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہی۔

ان کاکہنا تھا کہ ادارے حلف کی پاسداری اور عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ہوگئے۔ الیکشن دھاندلی کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن کے ذریعے شفاف آڈٹ کا مطالبہ کرتے ہیں، مجوزہ کمیشن میں سیاسی جماعتوں کی نمائندگی ہو، الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں۔ جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چرایا گیا، دھاندلی پر خاموش نہیں بیٹھیں گے

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے مزید بیل آئوٹ لینے کی تیاری ہورہی ہے، عوام پر مزید ٹیکسز عائد کیے جائیں گے، ماہ رمضان سے پہلے مہنگائی کا طوفان شدت اختیار کرے گا، حکمران بضد ہیں کہ غریب کو سانس بھی نہیں لینے دینا۔ رمضان سے قبل لوگوں کو ریلیف نہ دیا گیا اور آئی ایم ایف کے احکامات کی تابعداری کی گئی تو چوکوں چوراہوں میںبھرپور احتجاج ہوگا۔

انہوں نے محمود خان اچکزئی کے گھر پر پولیس چھاپے کی مذمت کی اور کہا کہ بزور طاقت کسی کو دبانے سے مسائل پہلے حل ہوئے نہ اب ہوں گے۔  نگران حکومت چلی گئی مگر اس کے عوام مخالف کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، نگرانوں کی واحد ذمہ داری شفاف الیکشن کا انعقاد تھا، جس میں یہ بری طرح ناکام رہے، ماضی کی پالیسیوں کو جاری رکھا گیا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ آئینی و قانونی مینڈیٹ سے ہٹ کر پٹرول ، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کیا گیا، لوگوں بددل اور پریشان ہیں ، عدالتوں میں انصاف نہیں، کرپشن جاری ہے اور قانون کا مذاق بن چکا ہے، لوگ اب مجالس میں اداروں سے متعلق باتیں کررہے ہیں۔