کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری) کراچی میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی اشیا خوردونوش کی قیمت بڑھنی شروع ہوگئی ہیں، منافع خور اور ذخیرہ اندوزوں نے ابھی سے ہی عوام کو لوٹنا شروع کردیا ہے ۔
شہرقائد میں دال چنا 200 سے بڑھ کر280 روپے، کھلاخوردنی تیل 390 سے بڑھ کر420 روپے لیٹر، پیاز200 اور آلو80 روپے ، مرغی کا گوشت 720 اور گائے کا گوشت 1400روپے کلو کر دیا گیا ہے ،رمضان المبارک سے قبل عام استعمال کی اشیاءکی قیمتوں کے حوالے سے پرائس کنٹرول کمیٹی مکمل طور پر ناکام ہے۔
آٹا، سوجی ، دال مسور، دال مونگ ، دال ماش، دال چنا، چاول، دودھ، بڑا گوشت ، گائے کا گوشت، چھوٹا گوشت، مچھلی سمیت مختلف اشیائے خوردونوش کی قیمت کراچی کی مختلف مارکیٹوں کے دوکانداروں نے اپنے اپنے ریٹ مقرر کیے ہوئے ہیں ۔
کراچی میں مہنگائی کم ہو ہی نہیںرہی سبزیوں کی دام بھی دن بہ دن بڑھتے جا رہے ہیں، مارکیٹوںمیں سرکاری نرخ نامے نظر ہی نہیں آتے جبکہ پرائس کنٹرل کمیٹیوں کا کوئی کردار نظر نہیں آرہا ہے ۔
کراچی میں ہر سال رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں من مانااضافہ کردیا جاتا ہے اور حکومت کی جانب سے کوئی خاطر خواہ اقدامات دیکھنے کو نہیں ملتے ہیں، منڈیوں سے لیکر بازاروں تک ہر دکاندار اپنے اپنے نرخوں پر چیزیں فروخت کررہا ہوتا ہے جبکہ کہیں بھی ریاستی رٹ نظر نہیں آتی ہے ۔
اس حوالے سے شہریوں نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت کریک ڈاون کیا جائے اور ، منڈیوں، مارکیٹوں، دکانوں کے ساتھ ساتھ بچت بازاروں میں بھی ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں اشیائے ضروریہ اور خوردونوش کو سرکاری نرخ ناموں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لیئے اقدامات کریں۔
شہریوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کے خاتمے کے لیئے سندھ حکومت ،کمشنر کراچی ،میئر کراچی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر انتظامات کر نے چاہیے کیونکہ اسوقت کراچی کہ ہر شہری کا اہم مسئلہ اور پریشانی مہنگائی ہے جو دن بدن بڑہتی ہی چلی جارہی ہے ، مہنگائی نے عوام کی قوت خرید کو بری طرح متاثرکردیا ہے ہر شخص مہنگائی کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔
عام استعمال کی اشیاءکی مقررہ قیمتوں پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر گوشت، مچھلی، سبزی اور فروٹ منڈیوں سمیت دیگر اشیائے خورد و نوش کی منڈیوں کا دورہ کیا جائے اور اس پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔
کھانے پینے کی اشیاءکے معیار کو چیک کرنے کے ساتھ ساتھ نمایاں جگہوں پر تعیناتی کو یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں اور مضرصحت اشیاءفروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
شہریوں نے مزید کہا کہ مارکیٹ کمیٹیاں روزمرہ استعمال کی اشیاءکی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر جاری کرنے کی پابند ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر اشیاءکی فہرستیں اسی وقت جاری کی جائیں۔ حکومت کی مقرر کردہ قیمتوں پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے ۔