کراچی: شہر قائد میں بارش کے بعد کوئٹہ کی سمت سے چلنے والی یخ بستہ ہواؤں کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
آج رات درجہ حرارت کم از کم 9 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ ہوسکتا ہے۔ غیر موسمی سردی کی یہ لہر مختصر دورانیے کی ہے جو 3 سے 4 دن برقرار رہ سکتی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں سردی کی حالیہ لہر کو غیر معمولی قرار دیا ہے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق مارچ 1979 میں کراچی کا درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مارچ میں تواتر کے ساتھ ایسی سردی نہیں آتی اور مارچ میں ہونے والی یہ بارشیں بھی غیر معمولی ہیں۔
ادھر ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق بارش کے بعدفضائی آلودگی میں انتہائی کمی واقع ہوئی ہے، ائیرکوالٹی انڈکس 58 پر ٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا جبکہ دنیاکے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں کراچی آج 56 ویں نمبر پر آگیا۔