یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی مہنگی ہونے کا خدشہ

408
utility stores

اسلام آباد: ملک میں یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے ماہ رمضان المبارک سے قبل 20 ہزار میٹرک ٹن چینی خریدی گئی ہے۔ یہ خریداری آخری ٹینڈر کے تناسب میں 17.10 روپے زیادہ قیمت پر ہوئی ہے۔

ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے 70 ہزار میٹرک ٹن چینی کے ٹینڈر کے تحت 20 ہزار میٹرک ٹن چینی کی خریداری کرلی ہے۔یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے رمضان میں چینی کی دستیابی یقینی بنانےکے لیے چینی کی خریداری کے لیے ٹینڈر جاری کیا تھا۔

نئی خریدی گئی چینی کو ملا کر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے پاس چینی کا اسٹاک بڑھ کر 40 ہزار میٹرک ٹن کے قریب پہنچ گیا ہے۔اس سے قبل نومبر 2023 میں 40 ہزار میٹرک ٹن چینی خریدی تھی جو کہ 124 روپے 90 پیسےفی کلو کے حساب سے خریدی تھی اور اخراجات ملا کر کارپوریشن کو فی کلوچینی تقریباً 138 روپے میں پڑی تھی۔

اس مرتبہ چینی 142 روپے کلو کے حساب سے خریدی گئی ہے جو اخراجات ملا کر تقریباً 155 روپے کلو پڑے گی۔