شہباز شریف یا عمر ایوب؟ وزیراعظم کا انتخاب آج ہوگا

250
summary

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے لئے شہباز شریف اور عمر ایوب کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے۔

رپورٹ کے مطابق وزارت عظمیٰ کے لئے اتحادی جماعتوں کے امیدوار شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی سیکرٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرائے گئے جو سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی طاہر حسین نے وصول کئے۔

 336 رکنی ایوان میں وزارت عظمیٰ کے لیے 169 ووٹ درکار ہیں جبکہ اتحادی جماعتوں کو 209 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ دوسری جانب سنی اتحاد کونسل کی جانب سے عمر ایوب خان وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں اور ایوان میں ان کے اراکین کی تعداد 91 ہے۔

 قومی اسمبلی میں رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس 2007ء کے دوسرے شیڈول کے مطابق وزیراعظم کا انتخاب اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان کے اسلامی جمہوریہ مملکت ہونے کی وجہ سے حکومت کے سربراہ کا مسلمان ہونا ضروری ہے۔

 وزیراعظم کے انتخاب میں حصہ لینے والے امیدوار کو انتخاب سے ایک روز قبل دوپہر 2 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کروانے ہوتے ہیں جس کے بعد نئے منتخب اسپیکر قومی اسمبلی ان نامزدگیوں کی جانچ کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ 336 رکنی ایوان میں وزارت عظمیٰ کے لیے 169 ووٹ درکار ہیں جبکہ اتحادی جماعتوں کو 209 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

سنی اتحاد کونسل نے شہباز شریف کے کاغذات پر اعتراض دائر کیا جو مسترد ہوگیا، ن لیگ نے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب پر کوئی اعتراض دائر نہیں کیا، مسلم لیگ ن کو پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان، استحکام پاکستان پارٹی کی حمایت حاصل ہے۔

وزیراعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا شیڈول جاری ہو گیا۔ کل 3 مارچ اتوار کو قومی اسمبلی کے نئے قائد ایوان کا انتخاب کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی میں 3 مارچ کو وزیراعظم کے انتخاب کے سوا کوئی اور کارروائی نہیں ہوگی۔

قومی اسمبلی میں قائد ایوان کا انتخاب کل بروز اتوار 3 مارچ کو ہو گا جس کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔