راولپنڈی: پی ایس ایل سیزن میں آج شیڈول اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ بھی بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا۔
پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کا 14واں میچ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول تھا، جو کہ جڑواں شہروں میں مسلسل بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا اور نتیجتاً دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ حاصل ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے سامنے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو میدان میں اترنا تھا، تاہم گزشتہ روز ہی پیش گوئی کردی گئی تھی کہ ہفتے کو مسلسل اور موسلادھار بارش کی وجہ سے میچ منسوخ ہونے کا خدشہ ہے، جس کے بعد آج میچ کا انعقاد نہیں ہو سکا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دونوں ٹیموں کا آج کا میچ منسوخ ہونے کی باقاعدہ تصدیق کی ہے، جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ حاصل ہوگیا۔