کراچی: شہر قائد میں رہنے والے ایک شخص نے صدر پاکستان کے امیدوار کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صدارتی انتخاب کا شیڈول جاری ہوجانے کے بعد کراچی کے ایک شہری نے بطور آزاد امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرائے۔
شمیم احمد کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میں پاکستان اسٹیل ملز سے ریٹائرڈ ہوں اور کوئی بھی رکن پارلیمان مجھے نہیں جانتا۔ میں صدر پاکستان بن کر ملک کی معیشت کو بہتر کروں گا۔
انہوں نے پریزائیڈنگ افسر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے پوچھا کہ صدارتی امیدوار کے لیے آزاد حیثیت سے لڑنے والے کا کیا فیصلہ ہوگا، جس پریزائیڈنگ افسر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے کہا کہ ہم نے فارم وصول کرلیے ہیں، مزید معاملہ ریٹرننگ آفیسر دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت کے انتخاب کے لیے حکومتی اتحاد کے امیدوار کے طور پر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف زرداری اور سنی اتحاد کونسل کی جانب سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے گئے جب کہ دونوں امیدوار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوچکے ہیں۔