وزارت عظمیٰ: ایم کیو ایم کا شہباز شریف کو ووٹ دینے کا اعلان

378

اسلام آباد: وزارت عظمیٰ کے لیے ایم کیو ایم کی جانب سے مسلم لیگ ن کے امیدوار شہباز شریف کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا گیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے مسلم لیگ ن اور اس کی اتحادی جماعتوں کے وزیراعظم کے لیے مشترکہ امیدوار شہباز شریف کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا۔ قبل ازیں لیگی وفد وزیر اعظم کے امیدوار کے لیے ووٹ کی حمایت کے لیے پارلیمنٹ لاجز پہنچا، جہاں متحدہ قومی موومنٹ کی قیادت سے وفد نے ملاقات کی۔

لیگی وفد میں احسن اقبال، سعد رفیق اور رانا تنویر شامل تھے جب کہ ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار،مصطفیٰ کمال ،امین الحق،اور آسیہ اسحاق شریک تھیں۔

اہم ملاقات کے بعد لیگی رہنما رانا تنویرنے بتایا کہ صِبح وزیراعظم کا الیکشن ہے، ہم اپنے امیدوار کے لیے ووٹ مانگنے ایم کیو ایم کے پاس آئے تھے۔ شہبازشریف کی طبعیت خراب ہے ورنہ وہ خود ایم کیو ایم کے پاس ووٹ کی درخواست کے لیے آتے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفی کمال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے قبل بھی پی ایم ایل ن کے ساتھ رہے، کل شہبازشریف وزیراعظم بن جائیں گے، وزیراعظم کا جیتنا مسئلہ نہیں اصل بات کامیاب ہونا ہے کیونکہ یہ عہدہ پھولوں کی سیج نہیں ہے۔