لاہور: توہین کے الزام میں خاتون کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے اچھرہ میں توہین کے الزام میں ایک خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزمان کے خلاف پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایس ایچ او اچھرہ محمد بلال کی مدعیت میں کئی ملزمان کے خلاف واقعے کا مقدمہ درج کیے جانے کے بعد اس کی ایف آئی آر سیل کردی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ایف آئی آر کے اندراج کے حوالے سے کئی اجلاس ہوئے اور ابتدائی طور پر مذہبی پہلو مدنظر رکھتے ہوئے ایف آئی آر نہ درج کرنے کا کہا گیا تاہم بعدازاں اجلاس میں ایف آئی آر کا حکم دیا گیا۔
پولیس نے ایف آئی آر میں 5 نامزد اور متعدد نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرایا ہے اور ملزمان کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کی جا رہی ہے۔ایف آئی آر سیل ہونے کی وجہ سے ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔