کوئٹہ: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ بلوچستان میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر حکومت چلائیں گے۔
بلوچستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی اور پارٹی کے دیگر ارکان اسمبلی کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صوبے کی حکومت پارٹی کے فلسفے اور نظریے کو پیش نظر رکھتے ہوئے چلائیں گے۔ ہم کوشش کریں گے کہ ایسے دوست جو پارلیمان کے اندر ہیں اور جو پارلیمان سے باہر ہیں، سب اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مصالحت کے ساتھ حکومت چلائی جائے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بہت زیادہ مسائل درپیش ہیں۔ لاپتا افراد سے متعلق مسئلے کو پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ کوئی بھی شخص تنہا یا کوئی جماعت تنہا بلوچستان کے مسائل کو حل نہیں کر سکتی، سب کو مل کر نیک نیتی کے ساتھ عوام کے مسائل کو ترجیحاً حل کرنا ہوگا، جس کے نتائج بھی اچھے ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کا نیشنل ایکشن پلان کے مطابق مقابلہ کریں گے۔ دہشت گردی سے نمٹنے کی پالیسی 2008 میں تشکیل دی تھی، اسی کے مطابق سوات اور وزیرستان میں دہشت گردوں سے مقابلہ کیا ہے اور یہی پالیسی جاری رہے گی۔