ملک میں استحکام لانا ہے تو ادارے آئین اور حلف کی پاسداری کریں، سراج الحق

369
constitution and oath

لاہور:  امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں استحکام لانا ہے تو ادارے آئین اور حلف کی پاسداری کریں۔ بندوق، ڈنڈے کے زور اور جادو کی چھڑی سے بہتری نہیں آئے گی، عوام کا فیصلہ قبول کرنا ہوگا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ جعلی الیکشن اور جعلی نتائج کے بعد بننے والی حکومت بھی جعلی ہے، نام نہاد کامیابیاں حاصل کرنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹ نہیں، ایک دوسرے کو مبارکباد بھی نہیں دے سکتے، سب کو حقیقت کا ادارک ہے، آزاد عدالتی کمیشن کے ذریعے الیکشن آڈٹ کا مطالبہ کرتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں، جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چوری ہوا، مسئلہ جیت ہارکا نہیں ،ووٹ کے تقدس کی پامالی کاہے۔

منصورہ کی جامع مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے اپنے انتخابی نشان، جھنڈے اور منشور پر الیکشن لڑا، ہمارے کارکنان نے لوگوں کو اللہ کے دین کی طرف بلایا، مومن کے لیے محض دنیاوی کامیابی آخری معیار نہیں، جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد انسانوں کی دنیاوی و اخروی کامیابی ہے، ہمیں ایک ہزار سال بھی اللہ کے دین کی سرفرازی اور سربلندی کے لیے جدوجہد کرنا پڑی تو ہم یہ کام کرتے رہیں گے، اسی کام میں ہی 100فیصد کامیابی ہے، ہمارے حوصلے بلند ہیں، منزل ان شاء اللہ خود ہمیں پکارے گی۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ کارکنا ن اپنے دفاتر آباد کریں، نچلی سطح تک تنظیم کو مضبوط کریں ، قرآن کریم کے دروس کا انعقاد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں استحکام، خوشحالی اور امن کی کی رسی کلمہ اور قرآن ہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا جماعت اسلامی ایک عالمگیر تحریک ہے ، ہم پوری امت کی ترجمانی کرتے ہیں، ہمارا نعرہ اسلامی نظام ہے، یہ انبیاء اور اللہ کے برگزیدہ بندوں کی جدوجہد تھی جس کا عَلم آج دنیا بھر میں تحریک اسلامی کے ہاتھ میں ہے ، دین آئے گا تو امن و خوشحالی آئے گی، فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کرنی ہے، اہل فلسطین و کشمیر کا ساتھ دینا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ شفاف الیکشن کے لیے قومی ڈائیلاگ ہو، سب پارٹیاں مل کر ایسا میکنزم تیار کریں جس سے عوام کی حقیقی ترجمانی ہو، متناسب نمائندگی کا اصول اپنا کر ہی جمہوریت مضبوط ہوسکتی ہے، جماعت اسلامی سویلین بالادستی چاہتی ہے۔