گوادر میں شدید اور مسلسل بارشوں کی وجہ سے درہم برہم ہونے والا نظام زندگی بارش کا سلسلہ بند ہونے کے باوجود بحال نہیں ہو سکا جب کہ ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق گوادر میں بارش کا سلسلہ تھم چکا ہے، تاہم حکومتی اداروں کی جانب سے بروقت اور مؤثر امدادی اقدامات نہ کیے جانے کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر ہیں اور نظام زندگی تاحال درہم برہم ہے۔
بارش کا سلسلہ بند ہونے کے بعد عوام اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی اور اپنی تباہ شدہ املاک سے قیمتی سامان تلاش کرنے میں کوشاں ہیں۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ بارش بند ہونے کے بعد اب بھی بیشتر علاقوں میں کئی فٹ پانی جمع ہے اور نکاسی کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے آبادیاں اور دیگر زیر آب علاقے دریا کا منظر پیش کررہے ہیں۔
دریں اثنا چمن، قلعہ عبداللہ اور پشین کے شہری علاقوں میں برفباری تاحال جاری ہے ۔ مختلف پہاڑی مقامات پر 200 سے زائد مسافر گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں جب کہ بلوچستان کا خیبر پختونخوا کے ساتھ زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ اس کے علاوہ شدید بارش سے بابِ دوستی کے اطراف کے علاقے زیرِ آب آگئے۔