ایاز صادق اسپیکر اور پیپلزپارٹی کے غلام مصطفی شاہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو گئے۔
اسپیکر کے انتخاب کے بعد سردار ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہواجس میں ڈپٹی اسپیکر کیلئے پیپلزپارٹی کے غلام مصطفی شاہ اور سنی اتحاد کونسل کے جنید اکبر کے درمیان مقابلہ ہوا۔
ڈپٹی سپیکر انتخاب کیلئے کل 290ووٹ کاسٹ کئے گئے،غلام مصطفی شاہ 197 ووٹ لے کر ڈپٹی اسپیکر منتخب ہو گئے جبکہ ان کے مدمقابل جنید اکبر کو 92 ووٹ ملے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔
سید غلام مصطفیٰ شاہ 197 ووٹ لے کر قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے اور انہوں نے عہدے کا حلف بھی اٹھالیا۔
ڈپٹی اسپیکر کا حلف اٹھانے کے بعد غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ آصف زرداری، بلاول بھٹو، فریال ٹالپر کا ڈپٹی اسپیکر نامزد کرنے پر شکرگزار ہوں، ن لیگ،ایم کیو ایم، چوہدری شجاعت حسین، دیگر کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور پیپلزپارٹی کے غلام مصطفی شاہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
اسپیکر منتخب ہونے کے بعد ایاز صادق ملک عامر ڈوگر کی نشست پر گئے اور ان کے ساتھ مصافحہ کیا، ایاز صادق نے حامد رضا اور عمر ایوب خان سے بھی مصافحہ کیا جبکہ یوسف رضا گیلانی نے پرجوش طریقے سے گلے لگاکر ایازصادق کو مبارکباد دی۔
اسپیکر راجہ پرویز اشرف کا بطور بائیسویں اسپیکر آج عہدے کا آخری دن تھا۔ اسپیکر کے لیے ہونے والے انتخاب کا عمل اور ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ایاز صادق اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے اسپیکر کے لیے امیدوار سردار ایاز صادق 199 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں، ان کے مدِ مقابل سنی اتحاد کونسل کے نامزد امیدوار برائے اسپیکر عامر ڈوگر نے 91 ووٹ حاصل کیے،قومی اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب کے لیے کل 291 ووٹ ڈالے گئے جبکہ ایک مسترد ہوا۔ گزشتہ روز 19 ویں قومی اسمبلی کے پہلے سیشن میں 336 رکنی ایوان کے 302 ارکان نے حلف اٹھایا تھا۔
بعد ازاں اسپیکر راجا پرویز اشرف نے اسپیکر کے انتخاب کے عمل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ آئین اور قانون کے تحت آپ خود الیکشن کمیشن گئے ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن انتخابات سے متعلق فورم ہے قومی اسمبلی نہیں۔
اسپیکر کے لیے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار ایاز صادق جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عامر ڈوگر تھے، اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے سے ہوا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز 19 ویں قومی اسمبلی کے پہلے سیشن میں 336 رکنی ایوان کے 302 ارکان نے حلف اٹھایا تھا۔