پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط پاکستان کے ساتھ ایک اور دشمنی ہے، شہباز شریف

275
Privatization process

اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزارت عظمیٰ کے امیدوار شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو لکھے گئے خط کو پاکستان کے ساتھ دشمنی کا ایک اور اقدام قرار دیا ہے۔ 

گزشتہ روز پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھا تھا جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ فنڈ پاکستان کو مالی امداد فراہم کرنے سے پہلے دو ہفتوں میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 30 فیصد نشستوں کا آڈٹ یقینی بنائے۔

خط میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو مالی سہولت دینے سے پہلے گڈ گورننس سے متعلق شرائط کو مدنظر رکھا جائے۔

شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی نے آئی ایم ایف سے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ نیا پروگرام نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا خط سیفر کے بعد پاکستان دشمنی کا ایک اور ثبوت ہے۔ کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ وہ پاکستان کو مکمل طور پر تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں پی ٹی آئی کے بانی کا آئی ایم ایف کو خط انتہائی افسوسناک اقدام ہے، جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ کوئی بھی پاکستانی سیاسی اختلافات کے باوجود پاکستان پر لعنت نہیں بھیج سکتا۔