آئی ایم ایف کو خط:پی ٹی آئی کو سیاسی قیمت اد کرنی پڑے گی، نگراں وزیراعظم

397
notice received

اسلام آباد:نگراں وزیراعظم انوا ر الحق کاکڑ نے عمران خان کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے عمل کو انتہائی غیر ذمے دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی سیاسی قیمت اد کرنا پڑے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ یہ بہت ہی گری ہوئی حرکت ہے ، انتخابی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ فورم موجود ہیں، اس خط کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔تحریک انصاف کو اس کی سیاسی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے آئی ایم ایف کو لکھے گئے خط کے میڈیا میں منظر عام پر آنے والے مندرجات کے مطابق خط میں کہا گیاہے کہ آئی ایم ایف پاکستان کو مالی سہولت دینے سے پہلے گڈ گورننس سے متعلق شرائط رکھے،پاکستان کو مالی سہولت دینے سے پہلے دیگر شرائط سامنے رکھے، جائز نمائندگی نہ رکھنے والے نمائندوں کے پاس حکومت کا اخلاقی جواز نہیں۔

خط کے متن میں مزید کہا گیاہے کہ آئی ایم ایف 2 ہفتوں کے اندر قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 30 فیصد نشستوں کا آڈٹ یقینی بنائے۔پاکستان کے عوام کے بہترین مفاد میں صرف ایک منتخب حکومت کے ذریعے ہی مذاکرات کیے جا سکتے ہیں، آئی ایم ایف کو یہ بات مدنظر رکھنی چاہیے کہ آیا ممبر مناسب پالیسیاں بنانے اور ان پر عمل درآمد کرنے کے قابل ہیں۔

خط میں کہا گیاہے کہ آئی ایم ایف کی طرف سے یہ کردار پاکستان کے عوام کے لیے ایک عظیم خدمت ہوگی۔