دھاندلی کو ایکسپوز کرنے کیلیے تمام آئینی راستے اختیار کریں گے، سراج الحق

342
not lose our courage

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن نتائج ووٹوں کی گنتی پر نہیں ریاضی کے فارمولوں پر مرتب کیے گئے، الیکشن سلیکشن کا نام ہے تو قوم سے مذاق اور اربوں روپے ضائع کرنے کی کیا ضرورت ہے، دھاندلی کو ایکسپوز کرنے کے لیے تمام آئینی راستے اختیار کریں گے۔

منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ   مسئلہ جیت ہار کا نہیں حق دار کے حق کا ہے،  جماعت اسلامی بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکال کر اللہ کی غلامی اختیار کرنے کی جدوجہد کررہی ہے، فرسودہ نظام نے عوام کو جکڑا ہوا ہے،حقیقی کامیابی اللہ کے دیے گئے نظام کے لیے جدوجہد ہی ہے۔ راستہ کٹھن اور مشکل ہے ، ہمارے حوصلے بلند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  کرپشن زدہ لوگوں کو ایوانوں میں پہنچانے کاسلسلہ جاری رہا تو خدانخواستہ ملک مزید سانحات  کا شکار ہوسکتا ہے، مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پسنے والی عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہوگیا، الیکشن کمیشنر دھاندلی کی ذمہ داری قبول نہیں کررہے ہیں ، عوام حساب مانگ رہے ہیں ، ڈھٹائی سے نتائج تبدیل کیے گئے، الیکشن قوانین کے مطابق فارم 45نتائج ہی فائنل رزلٹس ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ   قوم کا اتفاق ہے کہ نتائج کا اعلان فارم 45کے مطابق ہو، الیکشن آڈٹ کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، عوام کے احساسات کو راستہ نہ دیا گیا تو خطرہ ہے ہمیں بحیثیت مجموعی کوئی اور سانحہ دیکھنے کو ملے، پورے اخلاص سے مقتدر حلقوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ غیر جانبدار ہوکر حلف کی پاسداری کریں گے تو ملک مضبوط ہوگا ۔