لاہور: پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 60 رنز سے ہرا دیا۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے چودھویں میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے لاہور قلندرز کو 214 رنز کا ہدف دیا گیا تھا، جسے حاصل کرنے میں لاہور قلندرز کی ٹیم 17 ویں اوور میں 154 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اسے 60 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
قبل ازیں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے۔محمد رضوان اور ریزا ہینڈرکس نے اننگز شروع کی مگر کپتان محمد رضوان پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں پویلین واپس لوٹے۔
عثمان خان نے 55 گیندوں پر 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ریزا ہینڈرکس اور افتخار احمد نے 40، 40 جبکہ طیب طاہر نے 21 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی طرف سے شاہین آفریدی نے 2، کارلوس براتھویٹ اور سکندر رضا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیمیں اپنے 5، 5 میچز کھیل چکی ہیں جس میں لاہور قلندرز کوئی میچ نہیں جیت سکی اور پوائنٹس ٹیبل پر 0 پوائنٹ کے ساتھ آخری پوزیشن ہے جب کہ ملتان سلطانز کو ایک میچ میں شکست اور 4 میں کامیابی حاصل ہوئی۔ پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔