کراچی: 4روزہ اٹھارہویں سندھ گیمز کا اختتام ہوگیا، جس میں کراچی ڈویژن نے مسلسل 18 ویں مرتبہ گیمز اپنے نام کرتے ہوئے موئنجو داڑو جنرل ٹرافی کا کامیاب دفاع کیا۔
حیدرآباد ڈویژن نے دوسری اورسکھر ڈویژن نے تیسری پوزیشن پر قبضہ جمایا۔میرپور خاص ڈویژن نے فیئر پلے ٹرافی حاصل کی۔پی ایس بی کوچنگ سینٹر پر منعقدہ اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی سبکدوش ہونے والے سندھ کے نگراں وزیر کھیل ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے انعامات تقسیم کیے۔
4 گولڈ میڈلز جیتنے والے کراچی کے جنید بلوچ گیمز کے بہترین مرد ایتھلیٹ قرار پائے۔4 گولڈ اور ایک سلور میڈل پر قبضہ جمانے والی کراچی ہی کی سفیناز خان بہترین خاتون ایتھلیٹ قرار دی گئیں ۔سندھ گیمز میں قائم ہونے والے 5نئے ریکارڈز میں سے 3 سفیناز خان نے100، 200 اور 400 میٹرز کی دوڑ میں قائم کیے جب کہ دیگر 2 ریکارڈز کراچی ہی کی ممتاز احمد نے 15 سو اور 3 ہزار میٹرز کی دوڑ میں بنائے۔
لیاری سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ سائیکلسٹ زوہیب بلوچ نے مجموعی طور پر 5 میڈلز اپنے نام کیے جن میں 4 گولڈ اور ایک سلور میڈل شامل تھا۔کراچی ڈویژن نے مجموعی طور پر 280 میڈلزجیت کرگیمز میں اپنی سبقت دکھائی۔کراچی نے مردوں کے مقابلوں میں115گولڈ، 39 سلور، 30 برانز جب کہ خواتین کے مقابلوں میں 53گولڈ، 16 سلور، 7 برانز میڈلز حاصل کیے۔
حیدرآباد ڈویژن138 میڈلز جیتے۔ مردوں میں23گولڈ، 44 سلور، 44 برانز، خواتین میں7گولڈ، 18 سلور، 12 برانز میڈلز پائے۔سکھرڈویژن کے 107 میڈلز میں مردوں کے 13گولڈ، 23 سلور، 39 برانز جب کہ خواتین کے 1گولڈ، 17 سلور اور 24 برانز میڈلز شامل رہے۔
گیمز میں کراچی ڈویژن نے آرچری، ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، باڈی بلڈنگ، باکسنگ، شطرنج، سائیکلنگ،ڈاج بال، فینسنگ، فٹبال،فٹسال، جمناسٹکس، جو جسٹو،کک باکسنگ مکسڈ مارشل آرٹس، نیٹ بال،رنگ بال،روپ اسکیپنگ، اسپاک ٹاکرا، سافٹ بال، اسکواش، ٹیبل ٹینس ،تھرو بال اور ووشو کے مقابلے اپنے نام کیے۔
حیدرآباد ڈویژن نے بیس بال، ہینڈ بال، جوڈو، شوٹنگ بال، سمو،ٹینس اور ریسلنگ کے مقابلے جیتے،سکھر ڈویژن نے کوڈی کوڈی، تائی کوانڈو، ٹگ اف وار اور ونجوٹی کے مقابلوں پر قبضہ جمایا۔لاڑکانہ ڈویژن نے ویٹ لفٹنگ چیمپین شپ جیت لی،شہید بے نظیرآباد نے ملھ مقابلوں میں اپنی برتری دکھائی۔سندھ گیمز میں خواتین کے 26 میں سے 21 مقابلے کراچی ڈویژن نے واضح برتری کے ساتھ جیتے جب کہ حیدرآبادڈویژن نے ہینڈ بال اور تھرو بال کے ایونٹس جیت لیے۔
شہید بے نظیر آباد ڈویژن ٹگ آف وار کی فاتح رہی۔ میرپور خاص ڈویژن نے اسپاک ٹاکرا چیمپین شپ جیتی۔ مہمان خصوصی داکٹر جنید علی شاہ نے گیمز 6 برس کے تعطل کے بعد ہونے والے سندھ گیمز کے انعقاد کو قابل تحسین قرار دیا۔