لاہور: پی ایس ایل سیزن 9 کے 13 ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 رنز سے شکست دے دی۔
قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے پشاور زلمی نے 202 رنز کا ہدف دیا، جسے حاصل کرنے کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 20 اوورز میں 193 رنز بنا سکی اور اس کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے اعظم خان 75 اور کولن منرو 71 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔جورڈن کاکس 13 رنز بناسکے۔ ان کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا کوئی بھی بیٹر ڈبل ہندسے میں داخل نہیں ہوسکا۔ پشاور زلمی کے عارف یعقوب نے اٹھارویں اوور میں 4 کھلاڑیوں کو پویلین پہنچایا اور مجموعی طور پر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا، جس پر پشاور زلمی نے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے تھے۔ پشاور زلمی کے بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 گیندوں پر 111 رنز کی شان دار اننگز کھیلی۔ وہ آخر تک ناٹ آؤٹ رہے۔ صائم ایوب 38، پال والٹر 19 اور آصف علی 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے شاداب خان نے 2، نسیم شاہ اور آغا سلمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔