ووٹ دینے اور نہ دینے والوں کی وزیر اعلی ہوں، مریم نواز

320

لاہور: نومنتخب وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ووٹ دینے اور نہ دینے والوں کی وزیر اعلی ہوں۔

وزیراعلی منتخب ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ منصب ملنے پر سر جھکا کر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتی ہوں۔

نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا نواز، شریف، شہباز شریف، پارٹی قیادت، کارکنوں اور ووٹ دینے والی تمام جماعتوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ قدرت کا نظام پہلے انسان کو مشکلات سے گزارتا ہے پھر عزت سے نوازتا ہے، میرے چیمبر کے دروازے حکومتی و اپوزیشن اراکین کیلئے کھلے رہیں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کے نہ ہونے کا افسوس ہے، ہم سب جمہوری و سیاسی کارکن ہیں، ایوان جمہوریت کا پرچم سر بلند رکھے۔ کرپشن کےخلاف میری زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، کرپشن روکنے کےلیے ایک ٹھوس مکینزم لےکر آئیں گے اور عوام سے رابطے کے لیے میری ہیلپ لائنز سب کےلیےکھلی رہیں گی، ہم عوام کے خادم ہیں کرسی لے کر بیٹھنے نہیں آئے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بزنس مین کے کاروبار کے فروغ کے لیے مزید بہتری لائیں اور ان کی مدد کریں، ہم بہترین حل پیش کریں گے، جو کاروبار حکومت چلا رہی ہیں انہیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلایا جائے گا۔  سب کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہوں، میرا وزیراعلیٰ بننا ہر پاکستانی خاتون کے لیے ایک اعزاز ہے، میں آج سے ہی اپنے منشور پر عملدرآمد شروع کر دوں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ رمضان میں نئے ماڈل کے تحت راشن ضرورت مندوں کے گھر تک پہنچایا جائے گا تاکہ لمبی لمبی قطاروں میں نہ لگنا پڑے، آج سے ہی اشیاء خورونوش کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے مانیٹرنگ شروع کر رہی ہوں تاکہ مقررہ نرخ سے زائد پر اشیاء فروخت نہ کی جا سکے، بجلی کے بلوں میں فوری ریلیف دینا ممکن نہیں، بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کے لیے ٹیمیں بٹھا دی ہیں، کوشش کریں گےعوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جا سکے