کراچی: مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہوگیا،جس کے نتیجے میں کل کراچی میں معمول سے تیزہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق مغرب کی جانب سے ہواؤں کا نیا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہوگیا۔سسٹم کے زیراثرشہرمیں معمول سے تیزہوائیں جب کہ مضافاتی علاقوں میں گردآلودہوائیں چل سکتی ہیں۔
علاوہ ازیں سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں معطل رہنے اور زیادہ تربلوچستان کی شمال مشرقی سمت کی ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق شہر میں مذکورہ سسٹم کے نتیجے میں بارش کا کوئی امکان نہیں البتہ دیہی سندھ کےاضلاع قمبر شہداد کوٹ،لاڑکانہ،جیکب آباد،کندھ کوٹ،شکارپور اور گھوٹکی میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیرکوشہرکا کم سے کم پارہ 16.5ڈگری اور ہوا میں نمی کاتناسب 34فیصد رہا۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30.1ڈگری اورنمی کا تناسب 17فیصد ریکارڈ ہوا۔
آج شب ابتدا میں ہواؤں کی رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی تاہم بعد ازاں ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 50.4(28 ناٹیکل مائیل) کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔ تیز ہواؤں کے سبب خنکی میں اضافہ ہوا۔